ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیا وزیر اعظم مودی جھارکھنڈ کے وعدے پورے کریں گے یا یہ محض 'خالی وعدے' تھے؟جئے رام رمیش کا بیان

کیا وزیر اعظم مودی جھارکھنڈ کے وعدے پورے کریں گے یا یہ محض 'خالی وعدے' تھے؟جئے رام رمیش کا بیان

Mon, 04 Nov 2024 12:47:22  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 4/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کی تاریخ قریب آ رہی ہے، جہاں پہلے مرحلے میں 13 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔ اس موقع پر سیاسی سرگرمیاں کافی تیز ہو گئی ہیں۔ اس تناظر میں کانگریس کے سینئر رہنما جئے رام رمیش نے پیر کے روز سوشل میڈیا سائٹ 'ایکس' پر ایک پوسٹ کے ذریعے مرکزی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کو پرانے وعدوں کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ جھارکھنڈ میں ووٹ مانگنے سے پہلے انہیں تین اہم سوالات کے جواب دینا ہوں گے۔

پہلے سوال کے طور پر جئے رام رمیش نے کوربا-لوہردگا اور چترا- گیا ریلوے لائن کے بارے میں پوچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوہردگا اور چترا کے لوگ تعلیم، روزگار اور کاروبار کے مواقع تک پہنچ میں سدھار کے لیے کافی سال سے بہتر ریل رابطہ کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے 10 برس بعد بھی اور لوہردگا سے لگاتار دو بار بی جے پی ایم پی منتخب ہونے کے باوجود اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2022 میں وزارت ریل نے چترا-گیا ریل پروجیکٹ کو منظوری دی تھی لیکن دو سال بعد بھی کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ کوربا-گملا-لوہردگا لائن کے لیے لوگوں کو اور کتنا انتظار کرنا پڑے گا؟ چترا-گیا ریل لائن کے لیے لوگوں کا انتظار کب ختم ہوگا؟ کیا نن بایولوجیکل وزیر اعظم ان ضروری منصوبوں کو پورا کرنے کے لیے کچھ کر رہے ہیں؟

جئے رام رمیش نے اپنے دوسرے سوال میں وزیر اعظم کو 2014 کا وعدہ یاد دلایا جس میں انہوں نے انجینئرنگ کالجوں اور تعلیمی پروجیکٹس بنانے کی بات کہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جھارکھنڈ میں ایک آئی ٹی ادارہ اور انجینئرنگ کالجوں سمیت کئی صنعتی اور تعلیمی پروجیکٹس کا وعدہ کیا تھا لیکن اب تک صرف دو ادارے ہی قائم ہوئے ہیں۔ این آئی ایل آئی ٹی رانچی اور سی آئی پی ای ٹی کھونٹی۔ ان اداروں کے پاس بھی ابھی تک کوئی مستقل احاطہ نہیں ہے۔ وہیں یو پی اے حکومت نے آئی آئی ایم رانچی اور ایک سنٹرل یونیورسٹی جیسے معیاری سطح کے انسٹی چیوٹ قائم کیے تھے۔ وزیر اعظم تعلیمی اداروں کے وعدے پورے کرنے میں کیوں ناکام رہے جو انہوں نے 10 سال قبل کیے تھے؟

کانگریس کے سینئر رہنما نے کوڈرما میں میڈیکل کالج کے بارے میں بھی مرکزی حکومت سے سوال پوچھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے بار بار کوڈرما میں میڈیکل کالج بنانے کا وعدہ کیا ہے لیکن یہ منصوبہ ابھی تک عمل میں نہیں آیا ہے۔ یہ کالج 70 ایکڑ زمین پر بنایا جانا تھا اور اس میں 100 ایم بی بی ایس کی سیٹیں ہونی تھیں۔ مودی نے 6 سال پہلے اس کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور 2019 میں اس منصوبے کو پھر سے پورا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ جئے رام رمیش نے آگے کہا کہ کیا وزیر اعظم کبھی اپنے ان وعدوں کو پورا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا یہ بھارتیہ جملہ پارٹی کی ایک اور 'مودی کی فرضی گارنٹی' ہے؟


Share: